کٹھ پتلی وزیراعظم عمران خان کی زیرِ قیادت پی ٹی آئی کی سلیکٹڈ حکومت ملک کے محنت کش طبقے کے لئے تباہی و بربادی ثابت ہوئی ہے:بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد / کراچی ( 30 اپریل 2021) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی وزیراعظم عمران خان کی زیرِ قیادت پی ٹی آئی کی سلیکٹڈ حکومت ملک کے محنت کش طبقے کے لئے تباہی و بربادی ثابت ہوئی ہے۔ عالمی یوم مزدور کے موقعے پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کرنا پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریہ کی سنگِ بنیاد ہے۔ سابق وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جانب سے دیئے گئے ملک کے پہلے متفقہ آئین میں بلیو کالر ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے متعلق کئی دفعات شامل کی گئیں۔ آرٹیکل 11، 17، 18، 25 اور 37 (e) ہر طرح کی جبری مشقت اور چائیلڈ لیبر پر پابندی عائد کرتے ہیں، رکن سازی کی آزادی دیتے ہیں، یونین سازی کے حقوق دیتے ہیں، اور شہریوں کو بلامتیاز کوئی بھی قانونی پیشہ اختیار کرنے یا تجارت کرنے کا حق دیتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ کام کرنے والے ماحول کو انسان دوست اور بھتر ہونے کو یقینی بناتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پہلی مرتبہ جامع لیبر پالیسی کا اعلان بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1972ع میں کیا تھا اور بعدازاں ہونے والی قانون سازی کے نتیجے میں مزدوروں کے متعلق قوانین کے دائرہ کار اور ٹریڈ یونینز کے حقوق میں اضافہ ہوا، کم سے کم اجرت، منافع میں شراکت، بونس، گروپ انشورنس اسکیم، گروپ انسینٹوز اسکیم وغیرہ کی ضمانت دی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضیاء کی آمریت نے ان میں سے بہت ساری مراعات کو واپس لے لیا اور مزدوروں کے حقوق کے حصول کے سلسے میں حاصل کی گئی بہت ساری کامیابیوں کو ختم کردیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے مزدور حقوق کی بحالی اور محنت کش طبقے کے لئے فائدہ مند پروگرامز میں توسیع کرکے پاکستان پیپلز پارٹی کی میراث کو جاری رکھا۔ صدر آصف علی زرداری کی سربراہی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے بھی بینظیر امپلائیز اسٹاک آپشن اسکیم کے تحت سرکاری کمپنیوں میں مزدوروں کو شراکت کی پیش کش کرکے اسی مشن کو تقویت بخشی۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے لئے ہزاروں مکانات پر مبنی مزدور کالونیاں بھی تعمیر کی گئیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت نے صرف بیروزگاری اور غربت کو بڑھایا ہے، کیونکہ گذشتہ ڈھائی سالوں میں لاکھوں افراد بیروزگار اور غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیئے گئے ہیں۔ پی پی پی چیئرمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی پارٹی مزدوروں اور محنت کش طبقات کے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی اور سلیکٹڈ حکومت کو سخت مزاحمت کا سامنا کیے بغیر ان کے حقوق غصب کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

Leave a Reply

Please Login to comment
  Subscribe  
Notify of
%d bloggers like this: