این سی سی آئی اے نے ایزی پیسہ بینک لمیٹڈ کے خلاف گمراہ کن سوشل میڈیا مواد پھیلانے والوں کیخلاف تحقیقات شروع کر دیں
تحقیقات کیلئے ایزی پیسہ بینک لمیٹڈ کے ہیڈ آف کنٹری لیٹیگیشن، نریش کمار اروانی کی جانب سے درخواست دائر کی گئی
اسلام آباد،24 جون 2026: قومی سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پرایزی پیسہ بینک لمیٹڈ کے خلاف مبینہ طور پر جھوٹی اور گمراہ کن معلومات پھیلنے کے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
تحقیقات کیلئے ایزی پیسہ بینک لمیٹڈ کے ہیڈ آف کنٹری لیٹیگیشن، نریش کمار اروانی کی جانب سے درخواست دائر کی گئی، جس میں ان افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا کہا گیا ہے ہے جنھوں نے بینک کے بارے میں عوامی اعتماد کو نقصان پہنچانے کے مقصد سے مواد بنایا اور پھیلایا ۔
اس حوالے سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے نریش کمار اروانی نے کہا کہ ایک ریگولیٹڈ مالیاتی ادارے کے خلاف دانستہ طور پر جھوٹی معلومات پھیلانا نہ صرف متعلقہ ادارے کو نقصان پہنچاتا ہے بلکہ پاکستان کے مجموعی بینکاری نظام پر عوامی اعتماد کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایزی پیسہ مالی طور پر مستحکم اور مکمل طور پر فعال ہے اور انہیں یقین ہے کہ متعلقہ حکام اس معاملے پر مناسب قانونی کارروائی کریں گے۔
این ی سی آئی اے کے زرائع کے مطابق، اس انکوائری کی ذمہ داری این سی سی آئی اے کے سینئر افسر کو سونپی گئی ہے، جنہوں نے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 (PECA) کے تحت کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے متنازع مواد کی تخلیق اور تشہیر میں ملوث تمام افراد کی شناخت اور ان کے خلاف قانونی اقدامات سے متعلق کارروائی شروع کر دی ہے۔
ایزی پیسہ کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بعض انفلوئنسرز اور ڈیجیٹل مواد تخلیق کرنے والوں نے بینک کی مالی استحکام اور آپریشنل صورتحال سے متعلق مبالغہ آمیز اور گمراہ کن دعوے پھیلائے، صارفین کو رقوم نکلوانے کی ترغیب دی اور غیر ضروری خوف و ہراس پیدا کیا۔
ایزی پیسہ بینک لمیٹڈ نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹا، بے بنیاد اور جعلی خبر قرار دیا ہے۔ بینک نے واضح کیا کہ اس کی تمام خدمات معمول کے مطابق جاری ہیں اور صارفین کے فنڈز مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
2008 میں پاکستان کے پہلے موبائل والٹ کے طور پر آغاز کرنے والا اور اب اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زیر نگرانی ملک کا معروف ڈیجیٹل بینک، ایزی پیسہ ، ملک بھر میں 6 کروڑ سے زائد رجسٹرڈ صارفین کو خدمات فراہم کر رہا ہے اور مالی شمولیت، صارفین کے تحفظ اور مضبوط آپریشنل نظام کے لیے پُرعزم ہے۔
بینک نے مزید وضاحت کی کہ متعلقہ عرصے کے دوران بعض ڈیجیٹل سروسز میں عارضی تکنیکی تعطل پیش آیا تھا، جو محض آپریشنل نوعیت کا مسئلہ تھا اور اسے فوری طور پر حل کر لیا گیا تھا ۔ اور اس تعطل کا صارفین کی جمع شدہ رقوم یا بینک کی مالی استحکام پر کوئی اثر نہیں پڑا۔
ایزی پیسہ نے اپنے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف بینک کی کی جانب سے دی جانے والی اطلاعات اور متعلقہ ریگولیٹری اداروں کے تصدیق شدہ اعلانات پر اعتماد کریں۔ بینک نے صارفین کے مفادات کے تحفظ اور غلط معلومات پھیلانے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ہے۔
ختم شد۔۔۔
No comments yet.